ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اننت کمار ہیگڈے نے چھوڑا نیا شوشہ - کہا :مودی اور امیت شاہ کہیں تو بھی نہیں، آر ایس ایس کہے تو میں پارلیمانی انتخاب لڑوں گا 

اننت کمار ہیگڈے نے چھوڑا نیا شوشہ - کہا :مودی اور امیت شاہ کہیں تو بھی نہیں، آر ایس ایس کہے تو میں پارلیمانی انتخاب لڑوں گا 

Sat, 03 Jun 2023 12:53:17    S.O. News Service

کاروار، 3 / جون (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں اس وقت بی جے پی کے اندر با اثر قیادت کا بحران دکھائی دینے لگا ہے ۔ اسمبلی انتخاب میں اس کی کچھ جھلک بھی نظر آئی ہے جس کے بعد آنے والے پارلیمانی انتخاب میں یہاں سے سیٹ جیتنے کا سوال پیچیدہ ہوگیا ہے ۔
    
گزشتہ چند دہائیوں سے کارکردگی صفر ہونے کے باوجود فرقہ وارانہ منافرت بھرے شر انگیز بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے اور پارلیمانی سیٹ جیتنے والے اننت کمار ہیگڈے کا نام سیاسی منظر نامہ سے دور ہوتا جا رہا ہے ۔ لیکن اب بھی بی جے پی کے پاس وہی ایک کٹر ہندوتواوادی چہرہ ہے جو اس مرتبہ بھی میدان میں اتر کر جیت درج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اس وقت بی جے پی کو یہاں موثر سیاسی قیادت کے لئے اس شخص کی ضرورت زیادہ محسوس ہو رہی ہے ۔ 
    
اس موڑ پر اننت کمار ہیگڈے نے ایک نیا شوشہ چھوڑتے ہوئے کہا کہ اگر وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ بھی کہیں گے تو میں پارلیمانی انتخاب کے لئے میدان میں نہیں اتروں گا ۔ البتہ اگر آر ایس ایس کا حکم ہوتا ہے تو ہی میں امیدوار بننے کے لئے تیار ہوں ۔ اس طرح اننت کمار نے بی جے پی کے سب سے اعلیٰ لیڈروں کو کسی شمار میں نہ رکھتے ہوئے آر ایس ایس کے لبادے میں اپنے آپ کو ان سے اوپر رکھنے کی کوشش کی ہے ۔ 
    
اس دوران پتہ چلا ہے اننت کمار ہیگڈے کے اس تکبر کو نوٹس لیتے ہوئے پرہلاد جوشی سمیت بی جے پی کے بعض بڑے لیڈروں نے اننت کمار کو ہی کنارے لگانے کا من بنا لیا ہے اور اننت کمار کی جگہ پر آئندہ پارلیمانی انتخاب کے لئے سابق اسمبلی اسپیکر وشویشور ہیگڈے کاگیری کو آگے بڑھانے کے بارے میں کوشش شروع کی  ہے ۔ 
    
دیکھنا یہ ہے کہ قیادت کے فقدان کی وجہ سے اسمبلی انتخابات میں کاروار، بھٹکل، سرسی اور ہلیال کی سیٹوں پر اپنا قبضہ جمانے سے محروم رہنے والی بی جے پی آنے والے پارلیمان انتخاب میں اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے کس امیدوار کو میدان میں اتارتی ہے اور کانگریس کی طرف سے پانچ گارنٹیوں کو عملاً جاری کرنے کے بعد عوام کا جو جھکاو کانگریس کی طرف ہوگیا ہے اس سے نمٹنے کے لئے کیا لائحہ عمل تیار کرتی ہے ۔ 


Share: